ایک نیوز نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز آخری اسائنمنٹ ہو گی جب کہ ہیڈ کوچ کے لیے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کے ساتھ ایک سال کے لیے کنٹریکٹ کیا تھا جو فروری میں ختم ہو جائے گا۔ جب کہ بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی سیریز ٹو سیریز تقرری ہوتی رہی۔
ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے کہنے پر محمد یوسف مستقل ٹیم کے ساتھ ہی تعینات رہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اب ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی تقرری کے عمل آغاز کرے گا۔نجم سیٹھی کا کوچ کی تقرری کے بارے میں کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئندہ کوچ غیر ملکی ہوگا۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین بھی مکی آرتھر کی تقرری کے حق میں ہیں، جلد کوچ کی تقرری کے باضابطہ طریقہ کار کا آغاز کر دیا جائے گا۔ مکی آرتھر ان دنوں انگلینڈ کی کائونٹی میں کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مکی آرتھر نے دستیابی بارے آگاہ کرنے کےلئے وقت مانگ لیا ہے۔ کیویز کے خلاف سیریز کے بعد ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق سمیت کوچز کو بھی فارغ کردیا جائے گا۔ مکی آرتھر کی دستیابی کی صورت میں ان کی مرضی کا کوچینگ پینل لگایا جائے گا
واضح رہے کہ مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں ان کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔