پنجاب پولیس نے پختونخوا سرحد سے چار حملے ناکام بنا دیئے ، 2 خوارجی ہلاک

پنجاب پولیس نے پختونخوا سرحد سے چار حملے ناکام بنا دیئے ، 2 خوارجی ہلاک
کیپشن: Punjab Police thwarted four attacks from Pakhtunkhwa border, 2 Kharjis were killed

 ویب ڈیسک:پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف سمیت پختونخوا سے ملحقہ سرحد پر دہشت گردوں کے چار حملے ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 2 خوارجیوں کو ہلاک کردیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری  اعلامیہ کے مطابق ڈیرہ غازی خان تونسہ شریف میں دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی جس اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کر کے ناکام بنادیا۔

دہشت گردوں نے حملے میں ہینڈ کرنیڈ اور دیگر جدید ہتھیار استعمال کیے تاہم اہلکاروں نے جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے خوارجیوں کی پیش قدمی کو نہ صرف روکا بلکہ عزائم کو بھی خاک میں ملا دیا۔

پولیس سے مقابلے میں دو خوارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلہ میں ایس ایچ او تھانہ وہوا صادق برمانی، پولیس اہلکار مضمر نذیر فائر لگنے سے زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق خیبر پختونخواہ بارڈر پر واقع چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشتگردوں کے 4حملے ناکا م ہوئے ہیں، دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر پنجاب خیبرپختونخوا ہ بارڈر پر موجود چیک پوسٹس ہائی الرٹ تھیں، دہشت گرد پنجاب کے اندر کسی تھانہ یا دیگر حساس مقام پر دہشتگردانہ کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

پولیس کے مطابق انٹیلیی جنس اداروں کی جانب سے پنجاب میں دہشتگردوں کے داخلہ کی اطلاع موصول ہوئی تھی، ایس ایچ او نے ٹیم کے ہمراہ ان خوارجی دہشتگردوں کا تعاقب کیا، پولیس کو سامنے دیکھ کر موٹر سائیکل سوار دہشتگرد ہینڈ گرنیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ آور ہوئے، بلٹ پروف گاڑی، ہیلمٹ اور جیکٹس سے لیس پولیس کے جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی جبکہ دیگر نفری اور ایلیٹ فورس کی بیک اپ ٹیمیں بھی فوری موقع پر پہنچیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق ’شدید مقابلہ کے بعد دونوں خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ سے بلٹ پروف گاڑی کو بھی نقصان پہنچا‘،واقعے کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی فوری موقع پر پہنچے اور زخمی اہلکاروں کی  ہسپتال جاکر عیادت بھی کی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے اور جہنم واصل کرنے پر پولیس جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ پولیس اور تمام ادارے الرٹ ہیں، دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، علاقے میں پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ اور سویپ آپریشن جاری  ہے۔