ایک نیوز:جھوٹے بیانیے کے ذریعے پی ٹی آئی پر قبضے کی جنگ کامنظر نامہ آشکار ہو گیا،بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ۔
23 جون 2023 ء کو بذریعہ واٹس ایپ پیغام میں علیمہ خان نے رؤف حسن کو بشریٰ بی بی سے منسوب ایک پیغام بھیجا ، بشریٰ بی بی سے منسوب اس پیغام میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات اور رونے کے واقعہ کی روداد بیان کی گئی ، علیمہ خان نے اس پیغام پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے رؤف حسن کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ بشریٰ بی بی کا یہ پیغام احمقانہ ہے۔
بشریٰ بی بی کا یہ ڈس انفارمیشن سیل لوگوں کو اکسا رہا ہے، علیمہ خان نے رؤف حسن کو خاص ہدایات دیں کہ اس پیغام کی تشہیر نہ کی جائے، بانی پی ٹی آئی کی ایسی کوئی بات بشریٰ بی بی سے نہیں ہوئی، علیمہ خان نے بشریٰ بی بی سے منسوب جو پیغام رؤف حسن کو بھیجا اس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے احوال کا حوالہ دیا گیا بشریٰ بی بی کے پیغام میں کہا گیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ انہیں اکیلا ملنے نہیں دیا گیا۔
پیغام میں بانی پی ٹی آئی اور جیلر کے درمیان فرضی گفتگو کو بنیاد بنا کربانی پی ٹی آئی کی موت کا پروپیگینڈا کرنے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ مجھے (بانی پی ٹی آئی) کو پتہ ہے کہ تم (جیلر) پر مجھے مارنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے اگرمجھے (بانی پی ٹی آئی)مارگیا تو عوام تمہیں (جیلر) کو نہیں چھوڑیں گے ، بشریٰ بی بی سے منسوب پیغام میں آرمی چیف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ ”میں (بانی پی ٹی آئی)جانتا ہوں کہ میری یہ ساری باتیں سنی جا رہی ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق علیمہ خان کے رؤف حسن کو بھیجے گئے یہ پیغامات کئی سوالات کو جنم دے رہے ہیں ، علیمہ خان بشریٰ بی بی کے اِن پیغامات کو آخرکیوں ڈس انفارمیشن قرار دے رہی ہیں؟ سوال یہ بھی ہے کہ کیا بشریٰ بی بی کی جانب سے پھیلائے جانیوالے بیانیے ان کے خود ساختہ ہیں؟ سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے میں یہ گفتگو ثابت کرتی ہے کے کیسے بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ پھیلا رہی ہے ۔
بشری ٰ بی بی اور اور علیمہ خان میں شدید مخالفت اور خاندانی دراڑ واضح نظر آرہی ہے اور دونوں پارٹی پر اپنا اپنا قبضہ چاہتی ہیں ،سیاسی مبصرین کے مطابق بشریٰ بی بی کا جو پیغام سامنے آیا ہے اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ بشریٰ بی بی ہمدردی کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے من گھڑت بیانات کو تروڑ مروڑ کر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے ، بشریٰ بی بی اپنے سیاسی مفادات کیلئے بانی پی ٹی کی جیل میں موت کے فرضی امکانات کو ظاہر کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے ۔