پاکستان  میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کتنی امریکی امداد فراہم کی گئی؟

پاکستان  میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کتنی امریکی امداد فراہم کی گئی؟

ایک نیوز: پاکستان میں گزشتہ برس آنے والے سیلاب  سے متاثرہ افراد کی بحالی، قدرتی آفات سے نمٹنے میں تعاون اور غذائی  تحفظ کے لیے امریکہ نے اکیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے.

رپورٹ کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے توسط سے  انسانی  بنیادوں پر فراہم کی گئی ۔آٹھ کروڑ ڈالر کی خطیر رقم سیلاب  کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والی آبادیوں کیلئے ہنگامی   بنیادوں پر  خوراک ، صحت کی دیکھ بھال، حفاظتی اقدامات، صاف پانی، صفائی  کے انتظامات اور رہائش   کی فراہمی پر خرچ کی گئی۔

امریکی سفارت خانہ کا کہنا ہےکہ 9جنوری  کو  سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیو ا میں   موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں پاکستان کی امداد کے موضوع پر منعقدہ  بین الاقوامی کانفرنس  کے دوران بھی امریکانے   بحالی اور  تعمیر نو کیلئے  دس کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان  کیا۔ سیلاب  سےمتاثرہ علاقوں میں  کاشتکاروں کی فوری بحالی  کے ذریعےغذائی تحفظ کویقینی بناتے ہوئے کاشتکاروں کو بیج اور کھاد کی فراہمی اور بنیادی  نہری  رابطوں  کی تعمیر نو کیلئے  ایک کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے۔ سیلاب سے متاثرہ   افغان مہاجرین اور اُن کی میزبان مقامی آبادیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے  مہاجرین ( یو این ایچ سی آر) کو  بیس  لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے۔

امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہےکہ امریکی محکمہ دفاع کو انیس لاکھ ڈالر کی ادائیگی کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کا امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا۔ سیلاب سمیت مختلف  قدرتی آفات  سے نمٹنے کے سلسلہ میں پاکستان کی استعداد کار بڑھانے  کے لیے تیس لاکھ ڈالر کی رقم دی گئی جس  میں  فوری بحالی، خطرات میں کمی  لانےاور     تیاری  کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔  سیلاب سے متاثرہ علاقوں  سے تعلق رکھنے والے   چالیس لاکھ سے زیادہ شہریوں کو   ہنگامی بنیادوں پر  خوراک کی فراہمی اور غذائی  معاونت، پانی کی فراہمی اور   صفائی ستھرائی  کی سہولیات کی فراہمی کیلئے  سولہ اعشاریہ چار ملین ڈالر کی  اضافی امداد فراہم کی گئی۔

 اس کے علاوہ عام امریکی شہریوں اور کمپنیوں نے  بھی بڑھ چڑھ کر پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ شہریوں کیلئے  جاری امدادی کوششوں میں حصہ لیتے ہوئے  خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان  ارسال کیا  جبکہ تین کروڑ ستر لاکھ ڈالر  کا عطیہ بھی  فراہم کیا۔

امریکا کی جانب سے پاکستان کو مذکورہ امداد کی فراہمی  یو ایس- پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے تحت جاری کوششوں کا حصہ ہے۔گرین الائنس دونوں مُلکوں کے درمیان   زراعت، شفاف توانائی اور پانی  کے انتظام و انصرام سمیت موسمیاتی تبدیلی  سے نمٹنے، توانائی کی منتقلی اور شمولیت پر مبنی معاشی ترقی  کے سلسلہ میں تعاون کو فروغ دیتا ہے۔