ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ میں 9 مئی مقدمات میں خدیجہ شاہ ڈاکٹر یاسمین سمیت 64 ملزمان کی ضمانتوں پر عدالت نے وکلا کو درخواستوں میں نئی دفعات بھی شامل کرنے کی ہدایت کردی۔
رپورٹ کے مطابق جسٹس وحید خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزمان کے مقدمات میں نئی دفعات شامل کی گئیں ہیں جس پر ملزمان کے وکیل عابد ساقی نے بتایا کہ یہ صرف تاخیری حربے ہیں، سرکاری وکیل آج بھی موجود نہیں ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کے وکلا پریشان لگ رہے ہیں جس پر عابد ساقی نے کہا کہ ہمارے بے قصور کلائنٹ 90 روز سے جیل میں ہیں ہماری پریشانی جائز ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس کو پیر تک ملتوی کررہے ہیں تاکہ آپ نئی دفعات ایڈ کرلیں۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کو درخواستوں میں نئی دفعات شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکارروائی 28 اگست تک ملتوی کردی۔