سپریم کورٹ: جیل میں عمران خان کی حالت زار پر رپورٹ طلب

Aug 24, 2023 | 14:35 PM

ایک نیوز:توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی جیل میں حالت زار سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت مقدمے کے فیصلے تک انتظار کی بھی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان کی توشہ خانہ میں سزا کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ 

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ابھی کیس کی سماعت چل رہی ہے۔ ہائی کورٹ معاملے کا حل نکال رہی ہے۔ یہی ہمارے نظام کی خوبصورتی ہے۔ ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے دیں، پھر سماعت کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ سے کہا کہ ہائیکورٹ مسئلے کو دیکھ رہی ہے۔ دیکھیں وہاں سے کیا فیصلہ آتا ہے۔ ممکن ہے ہائیکورٹ ریلیف فراہم کردے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ہائیکورٹ کے سامنے تمام اعتراضات اٹھائے ہیں۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا جی بالکل ہائیکورٹ کے سامنے تمام حقائق رکھے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا پہلے آپ کو کوئی سن نہیں رہا تھا اور اب سن رہے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا ہائیکورٹ کو بھی بتایا تھا ،پہلے دو مرتبہ آئے لیکن فیصلے کی بجائے واپس بھیج دیا گیا۔

سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں حالت سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ جبکہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک انتظار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے لیگل ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ عرفان قادر اور اشتر اوصاف شامل ہیں۔ ایڈووکیٹ عرفان قادر اور اشتر اوصان الیکشن کمیشن کی طرف سے آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔

مزیدخبریں