ایک نیوز: سابق وفاقی وزیر مذہبی امور و سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود نے بٹگرام آلائی کے علاقے پاشتو بٹنگی کا دورہ کیا اور گزشتہ روز پیش آنے والے چیئرلفٹ واقعہ متاثرین سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر نے چیئرلفٹ میں محصور ہونے والے متاثرین اور ریسکیو کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور حوصلہ افزائی کیلئے نقد رقم تقسیم کی۔
تحصیل چیئرمین مفتی غلام اللہ نے سینیٹر طلحہ محمود کو خوش آمدید کہا اور اہلیان علاقہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ، سینیٹر طلحہ محمود نے روڈ کی تعمیر کیلئے ذاتی طور پر نقد 5 لاکھ روپے ادا کئے اور متاثرین میں بھی نقد رقوم تقسیم کیں۔
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ کل کے حادثہ نے پوری دنیا کو اس علاقے کی جانب متوجہ کردیا۔ یہ علاقے خوبصورتی اور وسائل سے مالامال ہیں مگر عدم توجہ کے باعث پسماندگی کا شکار ہیں۔
کل کے واقعہ پر جس طرح پوری قوم متحد ہوئی اور پاک فوج کے جوانوں نے جس بہادری اور جواں مردی سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا اس پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر تحصیل چیئرمین مفتی غلام الرحمٰن، شاہ فیصل ، مفتی قوی اللہ شاہ ، سید گل بادشاہ سمیت کثیر تعداد میں اہلیان علاقہ ، معززین ،میڈیا نمائندگان ودیگر موجود تھے۔