ایک نیوز نیوز: ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں بھارت سے سپرسونک میزائل فائر کرنے واقعے کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غیرذمہ دار اقدام پر افسروں کو صرف سزائیں غیرتسلی بخش، ناقص اور ناکافی ہے۔ اس کے علاوہ بھارت نے پاکستان کی مشترکہ انکوائری کے مطالبے پر بھی خاموشی نہیں توڑی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میزائل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سیفٹی اور سکیورٹی پروٹوکول کا جواب دینے میں ناکام رہا، بھارت اسٹریٹجک ہتھیاروں کو سنبھالنے میں خامیوں کوانسانی غلطی کہہ کر چھپا نہیں سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے میزائل فائر کرکے خطے کے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالا، اسلیے وہ پاکستان کے مشترکہ انکوائری کے مطالبے کو تسلیم کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اس معاملے پر تحمل کا مظاہرہ ذمہ دار جوہری ریاست ہونے کا ثبوت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے کورٹ آف انکوائری کے بعد ‘ تکنیکی غلطی’ سے پاکستان میں میزائل فائر ہونے کے واقعے پر 3 افسران کو برطرف کردیا تھا۔