ایک نیوز : تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل سو فیصد آئینی و جمہوری راستہ ہے، آئین کی بالادستی کیلئے اپنی عدلیہ کی پشت پر کھڑے ہیں، انتخابات کیلئے مکمل تیار ہیں، التواء کی غیرآئینی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں اور اینکرز سے خصوصی تفصیلی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کی آئندہ کی حکمت عملی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک میں آئین و قانون سےانحراف، انتخابات سےفرار کی کوششوں اور عدلیہ سے ٹکراؤ کی سوچی سمجھی کوششوں پر تفصیلی سوال جواب ہوئے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل فیصلے کیلئے جمہور سے رجوع ہے، دستورِ پاکستان کی رو سے اقتدارِاعلیٰ کا مالک اللہ تعالیٰ، اختیارات کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام اپنے اختیار کو صاف شفاف طریقے سے منتخب نمائندوں کے ذریعے بروئے کار لاتے ہیں، حکومت کی جانب سے انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر ننگے حملے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ محض شکست کے خوف اور اپنے مفادات کیلئے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے، تحریک انصاف کے قیام و اساس کا مقصد ہی ملک میں عدل و انصاف کا قیام، قانون و دستور کی حکمرانی ہے، 1996 سے آج تک تحریک انصاف نے اپنے نصب العین کے حصول کیلئے مکمل طور پر پرامن، جمہوری و آئینی جدوجہد کی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جمہور کے ووٹ کے حق کو غصب کرنے والوں کے ہاتھوں آئین کا قتل روکنے کیلئے میدانِ عمل میں ہیں، قانون سے بالاتر طبقہ ملک میں فسطائیت و وحشت کی تاریخ رقم کررہا ہے، چوروں کو قبول کروانے کیلئے قانون اور بنیادی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، بےگناہ نوجوانوں کے اغواء اور ان پر عقوبت و تشدد کا سفاک سلسلہ جاری ہے، انتخاب میری یا تحریک انصاف کی نہیں، ملک و قوم کی ضرورت ہے۔