سوڈان سے پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاء کیلئے انتظامات مکمل ہیں،دفتر خارجہ

Apr 24, 2023 | 15:42 PM

ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ نے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء سے متعلق کہا ہے کہ دو پاکستانی قافلے جنگ زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب روانہ ہوگئے ہیں اور وہاں سے پاکستانیوں کو ہوائی جہاز یا فیری کے ذریعے نکالا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا ہے کہ پاکستانیوں کو نکالنے کا مربوط پلان تیار کیا گیا ہے، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹراسد مجید خان مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سوڈان اور ہمسائیہ ممالک کے سفیروں سے رابطے جاری ہیں جبکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سعودی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے اور ایک پاکستانی ائیرہوسٹس خرطوم سے سعودیہ پہنچ چکی ہیں۔

یاد رہے کہ جنگ زدہ سوڈان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے جبکہ سعودی عرب نے 91 اور دیگرممالک نے 66 شہری نکالے ہیں۔

امریکا نے 100، فرانس نے 200 افراد کو نکالا جبکہ عمان اور برطانیہ نے بھی اپنے سفارتی عملے کو نکال لیا، سوڈان میں جھڑپوں میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سوڈان میں اقتدار پر قبضے کی جنگ میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے حمایتوں کی اس لڑائی میں اب تک 415 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔ 

مزیدخبریں