یکم اکتوبرسےپیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگی،گوہراعجاز

Sep 23, 2023 | 19:47 PM

ایک نیوز:نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کاکہنا ہے کہ  یکم اکتوبر کو عوام کو خوشخبری سنائیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں کتنی کمی ہوگی؟

وزارت خزانہ کے حکام نے  روپے کی قدر میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی نوید سنادی ۔یکم اکتوبر سے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 98 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 17 پیسے تک کمی ہوسکتی ہے، اس کے ساتھ مٹی کے تیل کی قیمت 5.58 روپے نیچے آسکتی ہے۔آئندہ پندرہ روز کیلیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ حکومت 30 ستمبر کو کرے گی۔

 کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز کاکہنا تھاکہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آ گئی ہے، غیرقانونی طور پر ڈالر باہر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی۔مہنگائی میں اضافے کی وجہ ڈالر کی قیمت کا اوپر جانا ہے۔

وزیرتجارت کاکہنا تھاکہ  انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ صنعت اور تجارت کا خیال رکھیں۔ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور اگلے 10 سال میں کوئی بھی ملک پاکستان کی رفتار سے ترقی نہیں کرے گا۔

ر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بہت جلد ڈالر 250 روپے کی سطح پر آ جائے گا۔ مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں ہر 15 روز کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے، اور اوگرا کی سفارش پر وزارت خزانہ پیٹرول کی قیمت میں کمی یا اضافے کا فیصلہ کرتی ہے۔

اس وقت میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کا نیا طوفان امڈ آیا ہے، کرایوں میں اضافے سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔

مزیدخبریں