ایک نیوز: لاہور میں ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والا ایک اور گروہ گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزمان کے قبضے سے 6 کلوگرام ہیروئن اور ایک ڈرون برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے پنجاب رینجرز کے ساتھ مل کر بادیاں چیک پوسٹ لاہور کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران 2 گاڑیوں میں سوار لاہور اور خانیوال کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 6 کلوگرام ہیروئن اور ایک ڈرون برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اے این ایف اور رینجز نے 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 183 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ مزید بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اے این ایف اور پنجاب رینجرز مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے منشیات اسمگلرز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاہم صوبے بھر سے منشیاب اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم جاری و ساری ہے۔