ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیرمونس الٰہی سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بن حسائن کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے تعلیم، صحت، فیملی پلاننگ، آبپاشی، زراعت اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ 35 ملین ڈالر کو پنجاب احساس پروگرام سے لنک کر کے سیلاب زدگان میں تقسیم کریں گے۔ عالمی بینک سے میرے دیرینہ تعلقات رہے ہیں، میرے سابقہ دور میں عالمی بینک کے تعاون سے تعلیم اور صحت میں انقلابی اصلاحات کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے ایجوکیشن سیکٹرریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی، عالمی بینک کے ساتھ تعاون کا سلسلہ ازسرنو شروع کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری حکومت نے آتے ہی ڈگری کی سطح تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کیا، ایڈہاک ڈاکٹرزاوردیگر عملے کی بھرتی کی اجازت دی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پانی کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈیمز بنانے پر پوری توجہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کثیرالجہتی حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی لیڈر شپ میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ عالمی بینک پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن کے تحت کام جاری رکھے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل،سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سلمان غنی،سینئرممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،سیکرٹری خزانہ اوراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2022-09-23/news-1663940607-1375.mp4