ایک نیوز نیوز: سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک پر چور قابض ہیں اور روز اپنے کیسز کو معاف کروا رہے ہیں۔حقیقی آزادی اور اپنی نسلوں کے لیے جہاد کرنا ہو گا۔
اسلام آباد میں طالبات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں ملک کے لیے جہاد لڑنے کی بات کررہا ہوں۔ حقیقی آزادی کی جنگ آپ کے بہتر مستقبل کے لیے ہے۔پاکستان کی تاریخ میں آج فیصلہ کن وقت ہے، شہباز شریف ہر جگہ جاکر کہتا ہے کہ میں مجبور ہوں، مانگنے نہیں آیا، شہباز شریف ہر جگہ پاکستان کو ذلیل کراتا ہے۔
جس قوم میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی، وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے۔ چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے۔ ہر روز ان کے کیسز معاف ہو رہے ہیں۔ آج 80 فیصد خواتین کو حقوق نہیں مل رہے، اندرون سندھ میں بدترین غلامی ہے، حقیقی آزادی اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے جہاد کرنا ہو گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہر روز باری باری ان کے جرم معاف ہو رہے ہیں، اگر یہی کرنا ہے تو باقی لوگوں کو بھی جیل سے رہا کر دیں۔جیلوں کو کھول دیں، غریبوں کا کیا قصور ہے۔ غریب ممالک میں ہر جگہ زرداری اور شریف بیٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ریاست مدینہ میں خلیفہ بھی عدالت میں پیش ہوتے تھے، تمام غریب ممالک میں زرداری اور نواز شریف جیسے لوگ پیسہ باہرلے جاتے ہیں، جب ملک میں چور اوپر بیٹھ جائیں تو ترقی کیسے ہو گی۔