ایک نیوز نیوز: لاہور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش،حبس کا زور ٹوٹ گیا،جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا.
تفصیلات کے مطابق وحدت کالونی،مسلم ٹاؤن، اقبال ٹاؤن،سمن آباد،اچھرہ،ملتان روڈ ،جیل روڈ، شمع سٹاپ، کینال روڈ، قرطبہ چوک، شاد مان سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا،ماڈل ٹاؤن،گلبرگ، شادمان میں بھی بادل جم کر برسے۔سول سیکرٹریٹ،اسلام پورہ،ناصر باغ کے گرد و نواح میں بھی بارش سے پانی جمع ہوگیا۔
لاہور میں بادل آج پھر برس پڑے۔ شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، لکشمی چوک، میکلوڈ روڈ، ڈیوس روڈ سمیت ملحقہ مقامات پر بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور حبس سے گھبرائے شہریوں کے چہروں پر رونق آ گئی۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارش سے ہوئی۔
لاہور میں تیز بارش اور آندھی سے لیسکو کے 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے شہر کا زیادہ علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ۔
ادھر کراچی میں بارش نے شہر بھر میں تباہی مچا رکھی ہے۔متعدد شاہراہیں اور آبادیاں زیر آب آنے سے شہریوں کی زندگی اجیران ہو گئی۔
دوسری جانب ڈی سی لاہور محمد علی نے شہر میں ہونے والی بارش کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔
ڈی سی لاہور محمد علی نے تمام محکموں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہیں بھی بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے. جہاں کہیں پانی کھڑا نظر آئے فوری بذریعہ مشینری نکالا جائے.واسا، ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار فیلڈ میں موجود ہوں.واسا اپنے ڈسپوزل فعال رکھے اور تمام متعلقہ محکمے متحرک رہیں.