ایک نیوز نیوز: صوبائی دارالحکومت میں انسانی لبادہ اوڑھے درندوں نے چلتی موٹرسائیکل سے نوزائیدہ بچی کو پھینک دیا، جو سر پر چوٹ لگنے سے دو دن زندگی اور موت کی جنگ لڑتے لڑتے بالآخر جانبر نہ ہو سکی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گورومانگٹ گلبرک میں نوزائیدہ بچی پھینکنے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل پر ایک مرد اور دو خواتین سوار ہیں، جنہوں نے چلتی بائیک سے نوزائیدہ بچی کو زور سے پھینکا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2022-09-23/news-1663919002-9985.mp4
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کے سر پر چوٹ لگی جس کے باعث اس کی موت واقعہ ہوئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نوزائیدہ بچی دو دن اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ واقعے کا پتا چلنے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے شرمناک واقعات معاشرے کے چہرے پر بدنما داغ ہیں۔ سفاکانہ فعل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔ ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ غالب مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔