ایک نیوز: پنجاب میں بیلاروس کے تعاون سے مقامی سطح پر ٹریکٹروں کی تیاری کیلئے اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ ، بیلاروس نے پنجاب میں الیکٹرک بس پراجیکٹ میں بھی معاونت کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے ملاقات کی ، ملاقات میں دوطرفہ باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال،زراعت،تجارت اور سیاحت کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی ،ٹریڈ قونصلر الیا قانہ پلیو بھی موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوز شریف نے کہا پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کررہے ہیں، بیلا روس کے ساتھ زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں ،پنجاب میں زرعی مشینری خصوصاًٹریکٹرز کی تیاری میں بیلاروس کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات بالخصوص تجارت میں اضافہ چاہتے ہیں۔
دوسری جانب بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے کہا ٹریڈ کیلئے ٹرانزٹ روٹ اور سڑکوں کے ذریعے تجارتی کوریڈور خطے کیلئے خوش آئند ہو گا۔
آندرے میٹیلیسانے باہمی تجارت کے فروغ کا روڈ میپ طے کرنے کیلئے وزیر زراعت، وزیر ٹرانسپورٹ ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور صدر بنک آف پنجاب سے بھی ملاقات کی۔