توشہ خانہ ٹو کیس،بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور،رہا کرنیکا  حکم 

توشہ خانہ ٹو کیس،بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور،رہا کرنیکا  حکم 
کیپشن: Toshakhana 2 case, Bishree Bibi's bail application granted, release order

ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو رہا کرنیکا حکم دے دیا۔
بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنےاحکامات میں دیا، ا سلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

اس سے قبل جسٹس حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کو ملزم کیوں بنایا گیا؟ جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر  عمیر مجید نے کہا  کیوں کہ پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے،  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کا کیس ہے،  اُس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کیے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل سے آج رہائی کا امکان ہے، بشریٰ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب یا گرفتار نہیں، بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائینگے،ضمانتی مچلکے جمع ہونے اور روبکار جاری ہونے بعد بشری بی بی کو رہا کیا جائے گا، بشریٰ بی بی کے وکلاء نے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کیلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرلیا ہے، عدالتی عملہ بشری بی بی کی رہائی کی روبکار لیکر آج ہی اڈیالہ جیل پہنچے گا۔