ایک نیوز: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی، صدر مملکت نے تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی ، صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
خیال رہے کہ پارلیمانی خصوصی کمیٹی کی منظوری کے بعد وزیراعظم نے صدر مملکت کو ایڈوائس بھجوائی تھی،جسٹس یحیی آفریدی 26 اکتوبر کو حلف اٹھائیں گے، نوٹیفکیشن صدر مملکت کی منظوری کے بعد جسٹس یحیی آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن کیا گیا،وفاقی وزرت قانون و انصاف نے جسٹس یحیی آفریدی کا بطور چیف جسٹس نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام کی منظوری دی، 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوا، سنی اتحاد کونسل کے ارکان علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
اجلاس میں راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک، سید نوید قمر، کامران مرتضیٰ، رعنا انصار، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف شریک ہوئے۔