حماس کے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے

حماس کے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے
کیپشن: حماس کے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے

ایک نیوز :حماس نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر ڈورن حملے کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔

تفصیلات کےمطابق حماس کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر کہا کہ اس نے اسرائیلی فورسز پر دو ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایک نے اسرائیلی فضائیہ کے حوثی اڈے کو نشانہ بنایا جبکہ دوسرے نے تسلیم فوجی اڈے پر واقع اسرائیلی فوج کے سینائی ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے غزہ کی پٹی کے ساتھ باڑ کے قریب نیر اوز اور عین ہابیسور کی جنوبی آبادیوں میں مشتبہ ڈرون کی دراندازی کے الرٹ کی تصدیق کی ہے اور ساتھ ہی ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد اسرائیلی اقدامات سے نہیں رکے گی۔  مغربی ممالک اسرائیل کو غزہ کے خلاف قتل کا لائسنس دے رہےہیں، غزہ میں ہمارے لوگ اسرائیلی کلنگ مشین کا سامنا کر رہے ہیں۔

فلسطینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ مغربی ممالک اسرائیل کو قتل عام اور تباہی کے لیے سیاسی کور فراہم کر رہے ہیں۔ قبل ازیں فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیے نے اقوام متحدہ سے غزہ کی پٹی ، مغربی کنارے اورالقدس پر اسرائیل کے حملوں کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔