ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کادورہ،قیدیوں کی بیرکوں میں جا کر انکے مسائل سنے،فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ،انتظامیہ اورجیل حکام بھی دورے سے لاعلم،وزیراعلیٰ محسن نقوی مرد اور خواتین قیدیوں کی بیرکس میں گئے، بات چیت کی اور مسائل دریافت کیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی بیرک نمبر 9میں جاری محفل میلادؐ میں شرکت، قیدیوں کے ساتھ ملکر دعا کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قیدیوں کو پاس بلایا او ران کے مسائل کے حل کے لئے اپنے سٹاف کو موقع پر ہی ہدایات دیں ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قیدیوں کی درخواست پر آنکھوں کا فری آپریشن کرانے کا حکم دیا۔قیدیوں کے علاج معالجہ کے لئے جیل میں خصوصی میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایت کی۔
قیدیوں نے وزیراعلی کو اپنے کیسز کی تفصیلات کے بارے بتایا۔وزیراعلی کی انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سی سی پی او لاہو رکو ذاتی طورپر کیسز کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعلیٰ نے گجرات کے رہائشی ایک قیدی کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گجرات جیل میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔
بزرگ قیدی خواتین اپنے کیس بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بزرگ قیدی خواتین کو دلاسہ دیا اور کہا کہ ماں جی، کیس کاجائزہ لیں گے اور آپ کے ساتھ انصاف ہوگا۔ کیسز میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اورایس ایس پی انوسٹی گیشن جیل کا دورہ کر کے خواتین قیدیوں کے مسائل سنیں گی اور انہیں حل کریں گی۔ سزائیں پوری کرنے والے قیدیوں کو رہا کرانے کے لئے اقدامات کریں گے۔
جیل ہسپتال میں مختلف امراض میں مبتلا قیدیوں کو بہترین علاج معالجہ اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جیل کے ا حاطے میں کھڑی ایمبولینسز کا بھی معائنہ کیا۔