ایک نیوز: القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ نیب کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت بحالی کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں بدھ کو سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس کیس کو کل کیلئے مقرر کردیتے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نیب کو جواب کو دیکھ کر کل اپنے دلائل دیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں۔ اس پر عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ ہمارے لئے ہی ٹائم بارڈر ہے، نواز شریف کیلئے چار سال بعد بھی ٹائم بارڈر نہیں۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کھوسہ صاحب دو سال پہلے یہ بہت بھرپور طریقے سے مخالفت کیا کرتے تھے۔ جسٹس بابر ستار کے جملے پر عدالت میں قہقہے بلند ہوگئے۔
نیب پراسکیوٹر نے کیس کو پرسوں تک ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فی الوقت 190ملین مبینہ کرپشن کیس میں گرفتار نہیں کیا گیا۔ عدالت نے نیب پراسکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔