ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا اچانک دورہ کیا۔ ون ونڈو سیل میں خاتون نے عوام کی دن رات خدمت پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو دعائیں دیں۔
خاتون نے محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کرر ہے ہیں، آپ سکول، ہسپتال اور ہر جگہ نظرآتے ہیں، ہم آپ کو ہر جگہ دیکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت دے، آپ کے لئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں، آپ کو ہسپتالوں میں اور دیگر مقامات پر دورے کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
بزرگ شہری نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوون ونڈوسیل میں دیکھ کر خوشی ہوئی، ٹیم کے ساتھ ملکر بہتری لانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود مرد و خواتین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شہریوں سے ون ونڈو سیل کی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ نے ایک شہری کی جانب سے چکرلگوانے کی شکایت پر متعلقہ افسر کو فوری طلب کر لیا اور شکایت کے فوری ازالے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے ایک شہری کا دو سال سے زیر التواء مسئلہ 4روز کے اندر حل کرنے کی ہدایت کی۔
ایل ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازم کی اہلیہ کی درخواست پر پلاٹ کی الاٹمنٹ کا معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے حکام کو شہریوں کے امور فوری طور پر نمٹانے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کے ایل ڈی اے سے متعلق معاملات نمٹانے میں غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ون ونڈو سیل کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر ہے تاہم مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ون ونڈو سیل کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔