ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی،عدالت نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے شہری محمد شہباز سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں وفاقی حکومت ،پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انڈیا سمیت دیگر ممالک میں عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جاتی ہیں۔عدالتی کارروائی کی آڈیو اور ویڈیوز کی ریکارڈنگ کی جانی چاہیے۔چھوٹے شہروں سے ویڈیو لنک پر وکلاء کو ہائیکورٹ پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ اس قسم کا حکم جاری کرنے کا قانونی اختیار نہیں رکھتی۔عدالت نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کرتے ہوئےدرخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔