ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کا فلسطینیوں کے حق میں بائیڈن کو کھلا خط

ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کا فلسطینیوں کے حق میں بائیڈن کو کھلا خط
کیپشن: Hollywood celebrities open letter to Biden in favor of Palestinians

ایک نیوز: ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے امریکی صدر جو بائیڈن کو ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں ان سے اسرائیل کا فلسطینیوں پر تشدد روکنے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

خط میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ کے صدر کے طور پر آپ ایک اور جان چلی جانے سے پہلے غزہ اور اسرائیل میں فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی اپیل کریں۔

یہ خط ہائی پروفائل ہالی ووڈ ستاروں، فنکاروں، مشہور شخصیات اور سیاسی وکلاء کے اتحاد آرٹسٹ 4 سیز فائر کی طرف سے جاری کیا گیا۔ آخری اطلاعات تک، 95 مشہور شخصیات نے اس کھلے خط پر دستخط کیے تھے۔ 

خط میں کہا گیا ہے کہ ’’سبھی زندگیاں مقدس ہے، ان کا عقیدہ اور مذہب یا نسل کچھ بھی ہو‘‘۔ ہم فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ خط میں میں کہا گیا ہے کہ انسانی امداد کو ان تک پہنچانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

خط میں یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’فضائی حملوں اور تمام سپلائی روٹس کی کٹوتی کے بعد غزہ میں بچوں اور خاندانوں کی خوراک، پانی، بجلی، ادویات اور ہسپتالوں تک محفوظ رسائی عملاً ختم ہو گئی ہے۔‘‘

دستخط کنندگان کو امید ہے کہ مسٹر بائیڈن کو ان کا خط فوری طور پر انسانی بنیادوں پر کارروائی کی ترغیب دینے میں مدد کرے گا۔

خط پر دستخط کرنیوالوں میں معروف اداکار جیکوئن فینکس، کیٹ بلانچے، جان اسٹوارٹ ، کرسٹن اسٹوارٹ ، سوزن سیرنڈن، رض احمد ، مہیرشلا علی ،رامی یوسف اور کوئنٹا برنسن سمیت اہم اورمعروف ہالی وڈ شخصیات  شامل ہیں۔