اداروں کیخلاف بغاوت کیس:فوادچودھری کی درخواست بریت پر سماعت ملتوی

Oct 23, 2023 | 11:24 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں درخواست بریت پر سماعت فواد چودھری کی عدم حاضری کے باعث 25 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں فواد چودھری کے خلاف اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں درخواست بریت پر سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی ۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے بھائی وکیل فیصل چودھری عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، عدالت میں وکیل فیصل چودھری نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی ۔

فیصل چودھری نے فواد چودھری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ فواد چودھری طبعیت ناسازی کے سبب عدالت پیش نہیں ہوسکتے ،استدعا ہے کہ حاضری سے استثنیٰ منظور کی جائے۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نےریمارکس دیئے کہ آپ اور فواد چودھری میرے لیے قابل احترام ہیں لیکن دونوں کی حاضری ضروری ہے ۔

فیصل چودھری نے کہا کہ اکتیس تاریخ کو سپریم کورٹ بار کے انتخابات ہیں اس کے بعد کی تاریخ رکھ لیں۔

جج طاہر عباس نے ریمارکس دیے کہ اتنا وقت نہیں ہے، آپ پرسوں درخواست پر دلائل دیں۔

بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کے خلاف کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

3اکتوبر کو سابق  وفاقی وزیر فواد چودھری نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں زیر سماعت سرکاری ملازمین کو بغاوت پراکسانے کے کیس میں بریت کی درخواست دائر کی تھی۔

مزیدخبریں