ایک نیوز :اسرائیل نے جنوبی لبنان کے اندر پانچ کلو میٹر تک فاصلے پر شدید گولہ باری شروع کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج میں فائرنگ اور راکٹوں کا تبادلہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ اسرائیل نے شام میں دمشق اور حلب کے انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر میزائل حملے کیے جس میں دو ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب عراق میں بھی امریکی اڈے عین الاسد ائیربیس پر راکٹ حملہ ہوا جس کے بعد امریکا نے پورے مشرق وسطیٰ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے تھاڈ اور مزید پیٹریاٹ میزائل خطے میں بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا جبکہ مزید فوجیوں کو تعیناتی کے لیے الرٹ کر دیا۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ فیصلہ ایران اور اس کے حامی گروپس کی طرف سے کارروائیاں بڑھنے پر کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے لبنان کے وزیراعظم سے اسرائیل لبنان سرحدی کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس اسرائیل تنازع میں لبنان کو گھسیٹنے سے لبنانی عوام پر اثر پڑے گا۔
دوسری جانب اسرائیل نے فلسطین پر اپنی جارحیت میں مزید اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ غزہ پر حملے تیز کرے گا۔