عدم اعتماد نہ لاتے تو ’آر اوز‘ الیکشن کرواکے عمران 2028 تک رہتے،آصف زرداری

عدم اعتماد نہ لاتے تو ’آر اوز‘ الیکشن کرواکے عمران 2028 تک رہتے،آصف زرداری
کیپشن: عدم اعتماد نہ لاتے تو ’آر اوز‘ الیکشن کرواکے عمران 2028 تک رہتے،آصف زرداری

ویب ڈیسک:پاکستان پیپلز پارٹی (پارلیمنٹیرینز) کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد نہ لاتے تو ’آر اوز‘ الیکشن کرواکے عمران خان  2028 تک حکومت میں رہتے۔

تفصیلات کےمطابق سینئر صحافی حامد میر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں عمران خان کے دور حکومت میں پی ٹی آئی سے اتحاد اور چھ وزاتیں لینے کی پیش کش ہوئی جو انہوں نے پہلے دن سے قبول نہیں کی۔
ان کا کہناتھا کہ مجھے ملک سے باہر جانے کا بھی کہا گیا لیکن میں اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر باہر نہیں جا سکتا تھا۔ عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اگر ان کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ساتھ مل کر ’آر اوز‘ کا الیکشن کروا کر 2028 تک حکومت میں رہتے۔عمران خان ہر چیز میں ڈیفالٹ کرچکا تھا، نہ ایکسپورٹس تھیں، نہ زرمبادلہ تھا اور نہ ہی مدد کرنے والے دوست تھے عمران خان مزید وزیراعظم رہتے تو لوگوں کو آٹے کا تھیلا خریدنے کیلئے پیسوں کا ٹرک بھر کر لانا پڑتا ۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ  بلاول بھٹو زرداری تین ’پی‘ والے پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں اور میں چار ’پی‘ والے پیپلز پارٹی کا صدر ہوں۔ ’ٹکٹ دینے کا اختیار میرے پاس ہے اور بلاول بھٹو کو ٹکٹ میں ہی دوں گا۔

ان کا مزید کہناتھا کہ نوجوان نسل کو اپنی سوچ کے اظہار کا حق ہے۔  نئی نسل کی سوچ ہے بابا کو کچھ نہیں آتا، بابا کو کچھ نہیں پتا۔‘ ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ان کا کہناتھا کہ میں نے شہبازشریف کی حکومت کو ملکی صورتحال سنبھالنے کے لیے کئی مشورے دیے جنہیں نہیں مانا گیا اور نقصان اٹھانا پڑا ۔ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’اگلی حکومت کے لیے سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے مدد لینا پڑے گی اور پیپلز پارٹی کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔