الیکشن کمیشن کا  چاروں صوبائی چیف سیکریڑیز کو خط ،پولنگ اسٹاف کی فہرستیں طلب

Nov 23, 2023 | 17:20 PM

ایک نیوز :الیکشن کمیشن نے  چاروں صوبائی چیف سیکریڑیز کو خط  لکھ دیا ۔چاروں  صوبوں سے پولنگ اسٹاف کی فہرستیں مانگ لی گئیں۔

تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری دیدی،الیکشن کمیشن نے  چاروں صوبائی چیف سیکریڑیز کو خط بھی لکھ دیا ۔الیکشن کمیشن نے چاروں  صوبوں سے پولنگ اسٹاف کی فہرستیں مانگ لیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لیے 10 لاکھ پولنگ اسٹاف کی ضرورت ہو گی۔آئین کے تحت تمام وفاقی ،صوبائی اور ادارے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے پابند ہیں۔الیکشن کمیشن نے صوبوں سے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی فہرست مانگی ہے ۔وزارت توانائی سے بھی افسران کی فہرست بھی طلب کرلی گئی۔  گورنر اسٹیٹ بنک کو بھی مراسلہ لکھ کر نیشل بنک اور متعلہ بنکوں کے افسران کی  فہرستیں طلب کرلی گئیں،اکاونٹ جنرل سے بھی افسران کی فہرست مانگ لی گئی۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت عام انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں ملک میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر تمام عذر داریوں پر الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کرلی ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق کی الیکشن کمیشن نے منظوری دے دی ہے، ضابطہ اخلاق کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں