ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں ن لیگ 130 سے زائد نشستیں لینے کی پوزیشن میں ہے لیکن اس کے باوجود قومی حکومت بنانے کی خواہش ہے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں ملکر ملک کو مشکلات سے نکالیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنماء جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور بیرونی دباؤ پر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول اپنی اور ن لیگ کی وفاق میں حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کر لیں، نواز شریف پر نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ خطے کی تمام لیڈر شپ اعتماد کرتی ہے، عام انتخابات میں 130 سے زائد نشتیں لینے کی پوزیشن میں ہیں مگر اس کے باوجود قومی حکومت بنانے کی خواہش ہے تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی دھارے میں لا کر ملک کو مشکلات سے نکالا جا سکے۔
نواز شریف نے ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کیلئے سولہ ماہ کی قومی حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کیا، ملک میں نکاح کا قانون موجود ہونے کے باوجود ایک فریق دہائیاں دے رہا ہے، ملک میں قانون ایک مگر طبقے دو ہیں، پہلے طبقہ قانون کی گرفت میں آ جاتا ہے جبکہ دوسرا اپنے آپ کو اس قانون سے مبرا سمجھتا ہے۔
بلوچستان مخالف بیانیہ بنا کر عام انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نو مئی سے پہلے والا ماحول بنایا جا رہا ہے، عام انتخابات صاف و شفاف ہونا چاہیں، انتخابات سے قبل تمام فریقین کو جزا و سزا کا مرحلہ مکمل ہونا چاہیئے۔
پاکستان مخالف قوتیں چیئرمین پی ٹی آئی کے پیچھے کھڑی ہیں کیونکہ وہ انکا مذموم ایجنڈا پورا کر رہا ہے، ایک ادارے نے خود احتسابی کا عمل کر لیا ہے جبکہ دوسرا کر رہا ہے، جس سے کچھ چیزیں وقتی طور پر تھم گئی ہیں۔ اگر یہ کام نامکمل چھوڑا گیا تو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا۔