ایک نیوز: پرویز الہیٰ کو مجسٹریٹ کی جانب مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کو معطل کرنے کے معاملے پرلاہورہائیکورٹ نے وکلا کو مزید تیاری کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق پرویز الہیٰ کی سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت نہیں۔
خالد اسحاق نے کہا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جایا جا سکتا ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے یہی بتاتے ہیں،یہ ایک انتظامی آڈر تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دونوں اطراف کے وکلا مزید تیاری کے ساتھ اگلی سماعت پر پیش ہوں۔
بعد ازاں عدالت نے وکلا کو مزید تیاری کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کردی۔
اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سنگل بینچ نے حقائق کے برعکس جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل کیا،گوجرانولہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے قانون کے مطابق فیصلہ دیا تھا،عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔