ایک نیوز: نگران پنجاب حکومت نے ایک اور بہترین قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عقیدت مندوں کیلئے داتا دربار پر 24 گھنٹے لنگر کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف اور مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے عقیدت مندوں کے لئے 24/7 لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں داتا دربار کے لنگر خانے کے انتظامات اور تزئین وآرائش کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں بزرگان دین کے 9مزاروں کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت کے بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اُچ شریف میں حضرت جلال الدین بخاریؒ، قصور میں بابا بلھے شاہ، ملتان میں حضرت موسی پاک، شاہ شمس تبریز کے مزارات کی اپ گریڈیشن پر رپورٹ نگران وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی۔
سیکرٹری اوقاف اور مدینہ فاؤنڈیشن کے میاں رشید نے لنگر خانے کے انتظامات کے بارے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے مزار کے گرد برآمدوں (غلام گردش) کی توسیع سے عقیدت مندوں کے لئے گنجائش 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار ہو جائے گی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے لنگر خانے کو 24/7 اوپن رکھنے کے لئے فوری انتظامات پر محکمہ اوقاف اور مدینہ فاؤنڈیشن کو سراہا۔ انہوں نے داتا دربار کے اردگرد کے علاقے کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عقیدت مندوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی آف لاہور۔مدینہ فاؤنڈیشن کے میاں رشید، سینر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری خزانہ۔ سیکرٹری اطلاعات۔ سیکرٹری اوقاف۔ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ۔ کمشنر لاہورڈویژن۔ ڈی آئی جی آپریشنز۔ ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ۔ ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔