ایک نیوز: راسخ الہٰی کی کمپنی کے بند اکاؤنٹ کھولنے کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے ایف آئی اے کو پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں راسخ الہی کی کمپنی الطہور کے ڈی فریز اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے کمپنی کو اخراجات کی تفصیلات سمیت ایف آئی اے کوپیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نے درخواست پر سماعت کی۔ راسخ الہی کی طرف سے بیرسٹر حیدر رسول مرزا پیش ہوئے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملازمین کا چولہا بند نہیں کرنا چاہیے۔ اسے چلانا چاہیے۔
درخواست میں وفاق اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے وفاق میں مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کمپنی کے تمام اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔ کمپنی نے ملازمین کو تنخواہیں اور دیگر اخراجات کی ادائیگی کرنی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت تنخواہوں،بلوں کی ادائیگی اور دیگر مد میں رقم نکالنے کی اجازت دے۔ اخراجات کی تفصیلات ایف آئی اے کو بتادی گئی ہیں۔ کمپنی کو کسی کیس میں ملوث نہ کیا جائے۔ عدالت تنخواہوں اور دیگر ادائیگیوں کے لیے اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے۔