پیپلز پارٹی اور ن لیگ عملی طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

پیپلز پارٹی اور ن لیگ عملی طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں، حافظ نعیم الرحمان
کیپشن: People's Party and PML-N practically stand with Israel, Hafiz Naeemur Rehman

ایک نیوز: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی عملی طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان دو جماعتوں نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے کوئی آواز نہیں اٹھائی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں مسلسل بمباری سے ساڑھے تیرہ ہزار افراد شہید ہوئے جس میں 70 فیصد بچے ہیں۔ اسرائیل پر درندگی چھائی ہوئی ہے۔ وہ حماس سے شکست کا بدلہ عام بندوں سے لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی انٹیلیجنس بھی فیل ہوگئی وہ حماس سے نہیں لڑسکتے۔ یہ پچاس دن کی جنگ ہوگئی ہے۔ حماس نے پوری دنیا کے سامنے یہ بات ثابت کردی ہے کہ جب شوق شہادت ہو تو بموں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اصل ٹیکنالوجی ایمان اور استقامت اور اپنے لوگوں سے اتحاد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنے بچوں کو ہاتھوں میں لے کرگھومتے ہیں۔ انہیں دفنانے کا وقت نہیں ملتا۔ اب تک ایک بچہ یا ایک بھی بڑا سامنے نہیں آیا کہ ہم ہتھیار ڈالتے ہیں۔ چار دن کی سیز فائر کی بات ہوئی ہے۔ یہ حماس کی بہت بڑی فتح ہے کہ اسرائیل مذاکرات بھی کررہا ہے اور حماس کے مطالبات مان بھی رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دنوں علما کرام کی کانفرنس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے بغیر جہاد نہیں۔ شریعت کے لحاظ سے یہ ٹھیک ہے لیکن یہ آرمی چیف سے پوچھیں کہ اگر ریاست ساتھ نہ دے تو کس ریاست پر جہاد فرض ہے؟ پوری دنیا میں تقسیم شروع ہوگئی ہے امریکا کو بھی اس کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آج جوبائیڈن اپنے ہی عوام کے دباؤ کی بنیاد پر مذاکرات کو اچھا کہتا ہے اور سیز فائر کو سراہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر عام عوام سمجھ لے کہ وہ کرسکتا ہے تو کوئی ہم پر مسلط نہیں ہوسکتا۔ قائد اعظم کے کہنے کے باوجود دو ریاستی حل کی بات کی جاتی ہے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پوچھیں کہ آپ بادشاہ سلامت بن کر آئے ہیں۔ آپ نے فلسطینیوں کے لئے کیا کیا؟ کوئی مذمت یا کوئی بیان نہیں آیا۔ پیپلز پارٹی کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آتا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ عملی طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو بھی دیکھنا ہوگا کہ وہ ان لوگوں کو اپنے اوپر مسلط ہونے دیں گے۔ جوہمارے دشمنوں کے ساتھ ملے ہوتے ہیں ان کا ساتھ کیسے دیں گے؟ پاکستان کے عوام کو ان کو مکمل طور پر مسترد کرنا ہوگا۔