ایک نیوز: سندھ ہائیکورٹ نے مسنگ پرسنز کے کیسز میں وزیراعظم کو بلانے کا عندیہ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو اور جسٹس امجدسہتو نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر پولیس اور انتظامیہ کے ہاتھ کچھ نہیں ہے تو ہم وزیراعظم کو بلا لیں گے۔ کراچی کے مسنگ پرسنز کے کیسز کو 10/10سال ہوگئے کوئی پیشرفت نہیں ہورہی۔
عدالت نے آبزرویشن دی کہ جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس کے اجلاس نتیجہ خیز نہیں ہوتے۔
جسٹس امجد سہتو نے کہا کہ ہم دس سال سے ہر روز 10/15مسنگ پرسنز کے کیسز سنتے ہیں، اتنا وقت دیگر کیسوں کو دیتے تو بہت معاملات نمٹ جاتے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسماۃ زیب النساء کے شوہر 2017 سے پاپوش نگر سے لاپتہ ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ جے آئی ٹی کے 21 اجلاس ہوچکے،تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کو عدالت میں پیش کریں ورنہ کوئی بھی قدم اٹھائیں گے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت 15جنوری کیلیے ملتوی کردی۔