عمران کی3 ،شاہ محمود کی 2مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

Nov 23, 2023 | 11:34 AM

JAWAD MALIK

پی پی این: انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں میں تفتیشی افسر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت28 نومبر تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلاء علی بخاری اور علی بخاری کے علاوہ دیگر پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل کے لیے مہلت دینے کی استدعاکی گئی۔

خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آرڈر جاری کیا تھا،سٹیٹ آج دلائل  دے گی۔

پراسیکیوٹر نے کہاکہ مجھے تو پتہ ہی نہیں تھا کیسز کی سماعت جیل میں ہو رہی ہے،آٹھ آٹھ ماہ تو ان کی وجہ سے تاریخ پڑتی رہی ہے۔

خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر آرڈر کیا تھا آج ہر حال میں فیصلہ ہو گا۔

پراسیکیوٹر نے کہاکہ یہ خود کہتے رہے ہیں اب ملزم کو بھی بلا لیں ان کی موجودگی میں بحث ہو جائے گی،عدالت اس کیس میں دلائل کے لئے ایک تاریخ دے دے ،آج تفتیشی افسر بھی چھٹی پر ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میں دیکھ لیتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی کی دو ضمانت کی درخواستوں پر بھی سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری نے کہاکہ ہماری دو درخواستیں ہیں، پہلے احکامات بھی ہوچکے،شریک ملزمان کی پہلے ہی ضمانت کنفرم ہوچکی ہیں،ہماری وجہ سے کوئی تاخیر نہیں ہے، پراسیکیوشن کی وجہ سے ہم بھی برداشت کررہے ہیں،ریکارڈ نہیں ہے، دلائل بھی ہوچکے ہیں، عدالت ریکارڈ بھی دیکھ چکی ہے، ہمارا کیس صرف آرڈر کی حد تک ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے ان کو بھی دیکھ لیتے ہیں.

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوٹر کی دلائل کے لیے مہلت دینے کی استدعا منظور کر لی۔

بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اورشاہ محمود قریشی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت28 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں