ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز اے این ایف نے 11 مختلف کارروائیوں میں 44 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہِ فیصل کراچی میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے 2 کلو 400 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ برآمدہ ہیروئن 6 عدد پینٹوں میں جذب کر کے برطانیہ کیلئے بُک کی گئی تھی۔
ملتان میں واقع کوریئر آفس میں کینیڈا سے بھیجے گئے پارسل سے 230 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1 کلو 174 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ملزم پرواز نمبر GF-769 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔
سانگلہ ہِل روڈ فیصل آباد پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ لاہور روڈ، فیصل آباد پر موٹر سائیکل سوار سے 2 کلو 400 گرام چرس اور 150 گرام آئس برآمد کی گئی۔
کہوٹہ روڈ اسلام آباد پر گاڑی سے 18 کلو چرس برآمد ہونے پر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوئٹہ سے بھیجے گئے پارسل سے 3 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔ رنگ روڈ پشاور پر گاڑی سے 3 کلو ہیروئن اور 700 گرام آئس برآمد ہونے پر ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
جمرود روڈ پر گاڑی سے 1 کلو آئس اور ایک 9 ایم ایم پستول برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ سکھر میں سجاد ریسٹورنٹ کے قریب ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔
حب میں الائن ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب لاوارث موٹر سائیکل سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔
تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔