ویب ڈیسک:2 ماہ بعد کینیڈین شہریوں کے لیے بھارتی حکومت نےای ویزا سروس بحال کردی۔
تفصیلات کےمطابق رواں برس جون میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم نے بھارت پر الزام عائد کیا تھاکہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت ملوث ہے جب کہ کینیڈا نے بھارتی ایجنسی کے”را“ کے عہدیدار کو بھی ملک بدر کیا تھا۔
ذرائع کےمطابق بھارتی حکومت نے ہردیپ سنگھ قتل کیس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں معطل کی جانے والی ای ویزا سروس کو2 ماہ بعد بحال کردیا ہے۔
بھارت نے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر کینیڈین حکومت کے الزامات کے بعد21 ستمبر کو کینیڈین شہریوں کے لیے ای ویزا سروس معطل کردی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ حکومت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے گزشتہ ماہ سے تمام ویزا سروسز بحال کردی ہیں جن میں سیاحت، سروسز، کاروبار اور میڈیکل ویزا شامل ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد سینئر سفارتکاروں کو بھی ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ دونوں ممالک نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔