ویب ڈیسک:آسٹریلیا سے شکست پر بھارتی کھلاڑی آپے سے باہر ہوگئے ،محمد شامی نے بھارت کی شکست کا غصہ پاکستانی کھلاڑیوں پر نکال دیا۔
تفصیلات کےمطابق انڈیا کے فاسٹ بولر محمد شامی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ صرف وہ ہی بہترین ہیں۔محمد شامی نے ورلڈ کپ کے بعد معروف سپورٹس برینڈ ’پُوما‘ کو انٹرویو میں کہا کہ ’میں ورلڈ کپ کے آغاز کے میچوں میں نہیں کھیل رہا تھا۔جب میں کھیلا تو میں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، اس سے اگلے میچ میں چار اور پھر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’تو اب میں کیا کر سکتا ہوں کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کو یہ بات (یعنی اُن کی کارکردگی) ہضم نہیں ہو رہی تو؟پاکستانی کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ صرف وہ ہی بہترین ہیں۔ بہترین وہ ہوتے ہیں جو صحیح وقت پر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ جو محنت کرتے ہیں اور ٹیم کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔‘
محمد شامی نے سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کی جانب سے انڈیا پر گیند کی تبدیلی کے الزام کے بارے میں کہا کہ ’اب آپ تنازعات پیدا کر رہے ہیں کہ ہم لوگوں کو مختلف رنگ کی گیند دی جاتی ہے۔الزام لگایا گیا کہ ہمیں کسی دوسری کمپنی کی گیند دی جا رہی ہے۔ آئی سی سی کے پاس الگ الگ گیندیں ہیں۔ بھائی، کچھ خیال کرو۔