ایک نیوز نیوزانسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے کار سرکار میں مداخلت اور احتجاج کے خلاف مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں میں فیصل جاوید، عامر کیانی اور راجہ خرم نواز شامل ہیں۔
انسداد دہشتگری عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے درخواست ضمانت پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے گزشتہ روز دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ روز دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل جاوید نے کہا تھاکہ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دہشت گرد بنادیا، متعدد مقدمات کیے گئے، گنتی ختم ہوگئی لیکن مقدمات ختم نہیں ہورہے۔
فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ملک کے برے حالات ہیں، معیشت گِرگئی ہے، شفاف انتخابات کی جانب جلد جائیں گےجبکہ راولپنڈی میں پرامن احتجاج ہوگا۔
گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق کیسز میں اسد عمر اور علی نواز خان سمیت دیگر 6 ملزمان کی ضمانت منظور کی تھیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سنگجانی اور تھانہ آئی نائن میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔