وزیراعظم نے آج پارلیمانی پارٹی سربراہان کا اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم نے آج پارلیمانی پارٹی سربراہان کا اجلاس طلب کرلیا
کیپشن: وزیراعظم نے آج پارلیمانی پارٹی سربراہان کا اجلاس طلب کرلیا

ایک نیوز نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی سربراہان کا اجلاس آج طلب کیا ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر گفت و شنید ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی سربراہان کا اجلاس آج شام کو طلب کیا ہے جس کے دوران وزیر اعظم، پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر پی ڈی ایم جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کریں گے۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف حکمران اتحاد سے تعلق رکھنے والی پارٹیز کے پارلیمانی رہنماؤں کو حکومت کے اہم فیصلوں کے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ اہم قومی معاملات پر پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شرکاء کو عشائیہ بھی دیں گے اور پارلیمانی رہنماؤں کو اہم تقرریوں سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف وطن واپسی کے بعد اگلے ہی روز کرونا کا شکار ہو گئے تھے۔ 7 روز بعد وزیر اعظم شہباز شریف کرونا سے صحتیاب ہوئے۔آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری بھی گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس کو موصول ہوئی۔

آج سے 9 روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف دورۂ لندن اور ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچے تھے۔ لندن روانگی سے قبل وزیر اعظم نے کوپ 27کانفرنس میں شرکت بھی کی جو مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہوئی تھی۔