آرمی چیف کا کوئٹہ گیریژن کا الوداعی دورہ،یادگارشہداء پرحاضری، آئی ایس پی آر

آرمی چیف کا کوئٹہ گیریژن کا الوداعی دورہ،یادگارشہداء پرحاضری، آئی ایس پی آر
کیپشن: Farewell visit of Army Chief to Quetta Garrison, attendance at Martyrs Memorial, ISPR(file photo)

ایک نیوز نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دورے جاری ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔ 

آئی ایس پی آر کے  مطابق آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑہائی۔ افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی۔ کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں امن و استحکام کے لیے کوئٹہ کور کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے سیلاب کے دوران صوبائی حکومت کی مدد اور امدادی کاموں میں افسروں اور جوانوں کی کوششوں کو سراہا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ کا افتتاح کیا۔ یہ کوئٹہ میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے قائم 120 بستروں کی پہلی کارڈیک سہولت  ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کوئٹہ میں بلوچستان کے عوام کی خدمت کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے صدر پاکستان کی جانب سے یو پی اے پی کے ڈائریکٹر ایچ ای عبداللہ خلیفہ سعید الغافیلی کو ستارہ قائداعظم سے نوازا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اور اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے فیکلٹی اور طلباء کے افسران سے بات چیت کی۔