زلمے خلیل زاد کے بیانات پر حنا ربانی کھر کا رد عمل

May 23, 2023 | 22:51 PM

ایک نیوز :وزیر مملکت برائے امور خارجہ حناربانی کھر نے افغانستان کیلیے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے پاکستان کےبیانات پر کہاکہ زلمے خلیل زاد کی باتوں کا اُن کو جواب نہیں دیں گے۔

وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ زلمے خلیل زاد کی باتوں کا اُن کو جواب نہیں دیں گے، وہ تو اپنا ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں کر سکے۔
9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ دنیا نے دیکھا جب جلاؤ گھیراؤ اور حملے ہوئے تو فورسز کا ردعمل کیا تھا، سکیورٹی فورسز نے ضبط کا مظاہرہ کیا تاکہ جانی نقصان نہ ہو، کیا دنیا میں کوئی ایسی ریاست ہے جو جلاؤ گھیراؤ کا جواب نہ دے؟انہوں نے کہا کہ امریکا میں کیپٹل ہل پر حملے کا کس طرح سے جواب دیا گیا سب نے دیکھا، ایسی مثال نہیں کہ کوئی بھی شہرت کا فائدہ اٹھا کر ملک کو جلانا شروع کر دے، تمام ممالک کو پاکستان میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ پر تشویش تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا اور ہم تمام حقوق پر یقین رکھتے ہیں تاہم جلاؤ گھیراؤ کوئی نہیں چاہتا، کوئی نہیں چاہتا کہ سیاست کی آڑ میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو بخشا جائے۔

مزیدخبریں