ایک نیوز :وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران اور اس کی کابینہ گرفتاریوں پر روتی، بھاگتی، گیدڑوں کی طرح چھپتی پھرتی ہے،تم نے ہمارے خلاف ہرجھوٹا مقدمہ بنایا لیکن قائد نواز شریف سمیت ہم ڈٹ کر کھڑے رہے۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے مگر ہم سرخرو ہوئے کیونکہ عوام اور قیادت کو پتہ تھا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ہم نے امانت سمجھ کر عوامی خدمت کی، اسی لئے بہادری سے ڈٹ کر کھڑے رہے۔
تمہاری کابینہ تمہیں چھوڑتی جا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تم توشہ خانہ کے چور، جھوٹے ،فارن ایجنٹ، القادر ٹرسٹ کے 60 ارب کے ڈاکو ہو اور تم اور تمہارے جتھوں نے وطن پر لشکر کشی کی اور کروائی، ہم سے اپنا موازنہ نہ کروچیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے طیبہ گل کو اغواکر کے تم نے ہمارے خلاف 15 کلو ہیروئن سمیت بغیر تحقیقات کے جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالا تم اور تمہارے مسلح جتھوں پر قومی وحساس عمارتوں پر حملے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، ریڈیو پاکستان، مساجد،سکول، ہسپتال اور ایمبولنسز جلانے کے جرم پر مقدمے بنے ،ہماری بہو بیٹیاں بہنیں تمہارے کم ظرف وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں، تم نے مریم نواز کو نواز شریف کی کمزوری سمجھ کر باپ کے سامنے گرفتار کیا اور سزائے موت کی چکی میں ڈالا ،ہمارے بارے میں عدالتی فیصلے پڑھو اور شرم کرو۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت اپوزیشن بینچز کی پہلی دو قطاریں اپوزیشن لیڈر سمیت جیل میں تھیں۔ پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو جیل میں ڈالا کیونکہ تمہاری چوری، نااہلی اور عوام دشمنی پر سوال اٹھاتے تھے۔ یہ فرق ہوتا ہے حقیقی اور مصنوعی سیاسی جماعتوں اور قیادت میں۔75 سال کی ملکی تاریخ میں سیاسی قائدین نے سیاسی مخالفت کی لیکن تم پہلے آر ٹی ایس ساختہ شخص ہو جس نے ملک کے ساتھ دشمنی کی۔ سیاسی مخالفین، میڈیا کے ساتھ دشمنی کی اور سب سے بڑھ کر ناقابل معافی جرم یہ ہے کہ تم نے ریاست کے ساتھ دشمنی کی لیکن ہم نے بہادری سے تمہارے جبر کا سامنا کیا اور ملک، جمہوریت اور سیاست کی حفاظت کی اور کرتے رہیں گے۔