سعودی سفیر کی اسحاق ڈار سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

سعودی سفیر کی اسحاق ڈار سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

ایک نیوز:سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خزانہ  اسحاق ڈار اور قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان ال تھانی نے وزیر پٹرولیم مصدق ملک سے ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی- باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ مسلسل حمایت اور تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان ال تھانی نے وزیر پٹرولیم مصدق ملک سے ملاقات کی۔   ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ قطر دنیا کا انرجی ہب ہے۔ مصدق ملک  نے ایل این جی سیکٹر میں قطر کو مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

 قطری سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قطر اپنے برادر ملک کی بھرپور مدد کے لیے پر عزم ہے۔گوادر بندرگاہ علاقائی رابطے اور توانائی کی تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔