ایک نیوز: پی پی 250 بہاولپور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر سید افتخار گیلانی نے تحریک انصاف کا ٹکٹ واپس کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سید افتخار گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے۔مخدوم سید افتخار گیلانی 2018 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی 254 بہاولپور سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
دوسری جانب 9 مئی کے واقعات کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف کے 15 سے زائد رہنماؤں نے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔
تحریک انصاف سے رہنماوں کی علیحدگی کا سلسلہ تب شروع ہوا جب کراچی سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے محمود مولوی نے پارٹی پالیسی اور عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز تحریک انصاف ویسٹ پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا اور سابق صوبائی وزیر اوقات پیر سعید الحسن شاہ نے 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بناکر پارٹی کو خیرباد کہہ دیا تھا جبکہ حال ہی میں پی ٹی آئی میں ضم ہونے والی ق لیگ کے مرکزی رہنما اور چوہدری شجاعت کے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے بھی پرویزالہیٰ کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔