ایک نیوز: رہنما تحریک انصاف عثمان بزدار کی ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ 'عثمان بزدار وزیراعلیٰ رہے ہیں، جواب بھی دینا ہو گا'۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عثمان بزدار کے وکیل نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس پر فاضل جج نے ناراضگی کا اظہار کیا، انہوں نے ریمارکس دیئے کہ 3 گھنٹے میں ملزم کو پیش کریں ورنہ فیصلہ سنا دیں گے۔
پراسیکیوٹر نے موقف پیش کیا کہ گذشتہ روز بھی عثمان بزدار کی ایک ضمانت اینٹی کرپشن کورٹ سے خارج ہوئی۔
عثمان بزدار کے وکیل بیرسٹر مومن نے کہا کہ معاملہ دیکھنے خود عدالت آیا ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پچھلی تاریخ پر بھی کہا تھا کہ ملزم کو پیش کرائیں، ملزم یا جیل جائے گا یا کہیں اور۔ عثمان بزدار وزیراعلی رہے ہیں، جواب بھی دینا ہو گا۔ 5 بار فائدہ دیدیا، 5 بار حاضری معافی دی۔ جتنا فائدہ دے سکتے تھے دیدیا۔ جو میڈیکل ساتھ لگایا، ڈاکٹر بھی بلا لیتے ہیں اور بورڈ بھی بٹھا لیتے ہیں، کیا یہ چلنے پھرنے کے قابل نہیں۔ یہ جواب جو دیا وہ دستخط کے بغیر اور کاپی ہے۔ نیب کو اصل کاغذات دے دیں۔
عثمان بزدار کے وکیل نے کہا کہ سارے کاغذات نیب کو دے دیں گے۔ عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔ فاضل جج نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25 مئی تک توسیع کر دی۔