ایک نیوز:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمات کی سماعت اور نیب میں پیش ہوں گے۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم عمران خان آج 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں نیب راولپنڈی اور مختلف مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی زمان پارک لاہور سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ مختصر قافلے کے ساتھ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے۔ عمران خان آج 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں نیب راولپنڈی اور مختلف مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔
نیب نے عمران خان سے 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کئے ہیں، نیب نے نئے نوٹس میں عمران خان سے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر رکھی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرزاور ایف سی کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔جوڈیشل کمپلیکس کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عمران خان نے نیب راولپنڈی میں پیشی کے دوران اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون تو ہے نہیں یہ کسی بھی چیز پر گرفتار کرسکتے ہیں۔دوسری جانب نقص امن کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔