ویب ڈیسک:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجروں کو بجلی بلوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لانے کی اسکیم تیار کر لی۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریونیو اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے حوالے سے پرچون فروش تاجروں کے لیے ٹیکس اسکیم تیار کر لی گئی ہے۔تیار کردہ اسکیم کے تحت 35 لاکھ تاجروں کو بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر تیار کی جانے والی مجوزہ اسکیم کے تحت ٹیکس اصل دکان مالک سے نہیں بلکہ وہاں کاروبار کرنے والے دکاندار سے اْس کی قابل ٹیکس آمدن پر وصول کیا جائے گا جبکہ تاجروں کی سالانہ آمدن کو 12 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔امکان ہے کہ مجوزہ اسکیم نئے مالی سال کے بجٹ سے پہلے لائی جائے گی تاہم اسکیم پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔
تاجروں سے ماہانہ ٹیکس بھی بجلی بلوں کے ذریعے وصول کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ منظوری کی صورت میں بجلی کے بلز میں تاجروں کے لیے نیا کالم متعارف کرا دیا جائے گا۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق آئی ایم ایف کو مجوزہ پلان سے آگاہ کر دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد سے ریونیو میں اضافہ اور معیشت کو دستاویزی شکل ملے گی۔