پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط ملک ہے،صدرمملکت

Mar 23, 2024 | 11:52 AM

ایک نیوز:صدرمملکت آصف علی زرداری نےکہاہےکہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں، پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
تفصیلات کےمطابق یوم پاکستان پرپریڈتقریب سےخطاب کرتےہوئےصدرمملکت آصف علی زرداری نےوزیراعظم پاکستان شہبازشریف  اورمسلح افواج کے سربراہان کو سلام پیش کیا اور پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، آج کا دن ہمارے لیے قومی اہمیت کا حامل ہے۔
صدرمملکت نےکہاکہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا، قائد اعظم کی قیادت میں7 سال بعد ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کی، پاکستانی قوم قیام پاکستان سے اب تک مختلف نشیب و فراز سے گزری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام محنتی اور ذہنی طور پر بہترین ہے، اس وقت پاکستان کو مختلف معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتی آبادی، بیروزگاری اور غربت بڑے چیلنجز ہیں۔نوجوان اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی اورمستقبل کے امین ہیں۔
آصف علی زرداری نےکہاہےکہ خوشی ہے پاکستان میں انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہو چکی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کو مل کر حل کریں، ماضی میں بھی مشکلات کا مقابلہ کیا، اسی طرح آج بھی پاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ الحمدللہ آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں، ہم نے بہت مشکلات کے باوجود دفاعی، صنعتی، ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں، دنیا امن اور دہشتگردی کے خلاف ہمارے کردار اور قربانیوں کو مانتی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کے لیے چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش ہے، بین الاقوامی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے اور اسرائیل کو ظالمانہ اقدامات سے روکے۔
آصف زرداری نےکہاہےکہ کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، ہم بھارت کے تمام غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

مزیدخبریں